خاوند نے پٹرول چھڑک کر بیوی کو آگ لگا دی، بچے بھی جھلس گئے

Last Updated On 10 April,2019 12:28 pm

میاں چنوں: (دنیا نیوز) میاں چنوں میں خاوند نے پیٹرول چھڑک کر بیوی کو آگ لگا دی۔ ماں کو بچاتے ہوئے پانچ بچے اور پڑوسن بھی آگ کی زد میں آ کر جھلس گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ میاں چنوں کے نواحی علاقہ 4 ایٹ ار میں پیش آیا۔ ایس ایچ او تھانہ تلمبہ کے مطابق اسی گاؤں کے رہائشی نذر ہراج نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی مریدہ بی بی کو آگ لگا دی۔

ماں کو جلتا ہوا دیکھ کر بچے ریحان، نمرہ، عنبریں، صفیہ اور پڑوسن شازیہ بی بی بھی جھلس گئے۔ متاثرین کو ریسکیو 1122 نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں چنوں منتقل کر دیا جہاں برن یونٹ نہ ہونے کی بنا پر مریدہ بی بی اور شازیہ بی بی کو تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔

ڈاکٹر اسد اللہ کے مطابق مریدہ بی بی کا جسم ستر فیصد تک اور شازیہ بی بی کا جسم تیس فیصد تک جھلس گیا ہے۔ ڈی پی او محمد معصوم نے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا ہے تاہم ملزم نذر موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔