کراچی پولیس کی کارروائی، کم عمر موٹر سائیکل چوروں کا گروہ گرفتار

Last Updated On 10 April,2019 03:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس نے کم عمر موٹر سائیکل چوروں کا گروہ دھر لیا ہے۔ گرفتار دو بچوں سمیت تین ملزموں سے 4 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

کراچی میں چھوٹے چور پکڑے گئے۔ کلفٹن میں موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث 2 کم عمر چوروں سمیت تین رکنی گروہ پولیس کے ہاتھ آ گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار بچے شاہد اور سلمان کی عمریں 10،10 سال ہیں۔ دونوں بچے انتہائی مہارت سے موٹر سائیکل کو ڈائریکٹ کرتے ہیں اور لاک کھول کے نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں۔

موٹر سائیکل 100 روپے کے عوض مکینک صدام کو فروخت کر دیتے ہیں۔ گرفتار ملزم صدام کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کو کافی عرصے سے جانتا ہوں۔ ایس پی کلفٹن سہائے عزیز کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوئی تھی جس کی بنیاد پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم صدام دونوں بچوں کو ورغلا کر موٹر سائیکلیں چوری کرواتا تھا۔