ایف آئی اے کی کارروائی، سوشل میڈیا پر فراڈ كرنیوالا گروه گرفتار

Last Updated On 23 January,2019 03:43 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر كرائم ونگ نے واٹس ایپ پر فراڈ كرنے والے گروه کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کون بنے گا کروڑپتی جیسی آن لائن جعلی سکیموں کے ذریعے متعدد شہریوں کو لوٹ چکے ہیں۔

کروڑ پتی بنانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے واٹس ایپ گینگ پر ایف آئی اے کا کاری وار، شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے چار آن لائن فراڈیئے گرفتار کر لئے۔ ملزمان كے ہاتھوں بڑی تعداد میں شہریوں کے لٹنے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبركرائم ونگ نے دو چکربازوں کو فیصل آباد، دو کو چنیوٹ روڈ جھنگ سے گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

فراڈیوں کا گروہ شہریوں کو واٹس ایپ پر جعلی انعامی سكیموں كا لالچ دے كر پھانستا تھا۔ گروه كے مزید کارندوں كی تلاش كے لئے ایف آئی اے كی ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔