مختلف ممالک سے 17 ہزار 411 پاکستانی بے دخل، 505 انسانی سمگلرز گرفتار ہوئے

Last Updated On 17 December,2018 12:56 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) رواں سال 17 ہزار 411 پاکستانی مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہوئے۔ 505 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا، ملک بھر میں 1612 نئے کیسز کا اندراج کیا گیا، 1294 مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش اور 46 ختم کر دئیے گئے۔

دنیانیوز کو حاصل ایف آئی اے امیگریشن ونگ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق ایران سے 4913، ترکی سے 876، یونان سے 241، اومان سے 476، سپین سے 15 پاکستانی بے دخل ہوئے۔ دستاویز کے مطابق 603 افراد کو مختلف لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں نے گرفتار کیا، ملک بھر سے 134 اشتہاری ملزموں کو گرفتار کیا گیا، عدالتوں نے 10 کروڑ کے جرمانے کیے اور ساڑھے 8 کروڑ کی ریکوری کی۔

رپورٹ کے مطابق انسداد انسانی سمگلنگ سیل نے 505 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا، ملک بھر میں 1612 نئے کیسز کا اندراج کیا گیا، 1294 مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش اور 46 ختم کر دئیے گئے۔ ایف آئی اے امیگریشن ونگ کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی۔