فیس بک پر بیوی کو دھمکیاں دینے پر شوہر ایک سال بعد گرفتار

Last Updated On 24 October,2018 03:36 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے بیوی کو فیس بک پر دھمکی دینے والے شوہر کو گرفتار کر لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کارروائی کے لیے پشاور سے ایف آئی اے کی ٹیم ڈیرہ اسماعیل خان گئی تھی، ایف آئی آر کے مطابق صداقت حسین نامی شخص نے درخواست دی تھی کہ ان کی بیٹی نے اپنے شوہر سید امتیاز الحسن شاہ زیدی سے علیحدگی اختیار کی اور اس کا شوہر اب اسے فیس بک پر دھمکی آمیز پیغامات بھیج رہا ہے۔ رپورٹ کے کچھ عرصہ بعد شکایت کنندہ صداقت حسین انتقال کر گئے جس پر ایف آئی اے نے ان کے بیٹے رفاقت حسین اور متاثرہ بیٹی کا بیان ریکارڈ کیا۔

ایف آئی اے نے ایک سال بعد 22 اکتوبر 2018 کو کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ایف آئی اے نے فیس بک سے ریکارڈ مانگا جس میں تصدیق ہو گئی ہے کہ جس اکاؤنٹ سے دھمکیاں دی گئیں وہ اکاؤنٹ جن فون نمبرز سے چلایا جارہا تھا وہ دونوں ملزم امتیاز الحسن کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔ سائبر کرائم سرکل نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا، سال 2018ء کے پہلے دس ماہ کے دوران سائبر کرائم میں سو فیصد اضافہ ہوا۔ ایف آئی اے سائبر کرائمز سرکل کو رواں برس 2500 سے زائد شکایات موصول ہوئیں، 209 ملزم گرفتار ہوئے، شکایات کے بعد ایف آئی اے نے 2300 کے قریب انکوائریاں کرتے ہوئے 255 مقدمات درج کیے، اب تک 46 ملزم شکنجے میں نہیں آ سکے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملک میں سائبر کرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے لیکن حکومت کے 15 نئے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹرز کھولنے سے ان میں کمی آئے گی۔ گزشتہ سال ایف آئی اے کو سائبر کرائم کی 1200 کے قریب شکایات موصول ہوئیں جن کی روشنی میں 209 کیس رجسٹرڈ کرتے ہوئے 160 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔