لاہور: یکم نومبر سے موٹر سائیکلوں کیلئے شیشے لازمی قرار

Last Updated On 23 October,2018 06:44 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) یکم نومبر سے دونوں موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ لازمی، زیبرا کراسنگ لائن سے آگے گاڑی لانے پر بھی چالان شروع، سٹی ٹریفک پولیس کا اس سلسلے میں آگاہی کیمپ جاری ہے۔

موٹر سائیکل سواروں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ یکم نومبر سے ہیلمٹ کے بعد بیک ویو مرر( سائیڈ شیشوں) کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔ مال روڈ پر بیک ویو مرر کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ بند ہو گا۔

یکم نومبر سے سٹی ٹریفک پولیس چالان کرے گی، اس کے علاوہ یکم نومبر سے موٹر سائیکل پر بیٹھے دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ پہننا لازم ہو گا۔ زیبرا کراسنگ کی باؤنڈری لائن سے آگے گاڑی لانے پر بھی چالان شروع کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس نے مال روڈ پر بیک ویو مرر کی افادیت بارے آگاہی کیمپ لگایا۔ سی ٹی او کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے شہریوں میں فری بیک ویو مرر تقسیم کئے۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بیک ویو مرر موٹر سائیکل سوار شہری کی آنکھوں کی مانند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیک ویو مرر دائیں اور بائیں ٹرن لینے میں انتہائی مفید ہیں۔ بیک ویو مرر کے استعمال سے حادثات میں مزید کمی آئے گی۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری میں شہریوں کا ہی فائدہ ہے۔ سائیڈ شیشے نہ لگانے پر کتنا جرمانہ ہو گا، اس کی سٹی ٹریفک پولیس نے وضاحت نہیں ہے۔