بہاولپور میں طالبہ کا قتل، پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہ کیا

Last Updated On 15 October,2018 07:31 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور میں 5 روز گزر جانے کے باوجود پولیس نے 10ویں کلاس کی طالبہ کے قتل کا مقدمہ درج نہ کیا، مقتولہ کے ورثاء نے ڈی پی او چوک پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

کرناں بستی کی رہائشی مقتولہ ربیہ بی بی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ علاقہ کے 5 اوباش نوجوانوں نے خالہ کی بیماری کا بہانہ کر کے مقتولہ کو اغواء کیا، جسے اندرون شہر کے ایک مکان میں لے جاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور قتل کرکے فرار ہوگئے۔ 5 روز گزرنے کے باوجود مقامی تھانہ کوتوالی کی پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، جس کے باعث ملزمان سرعام گھوم رہے ہیں۔

اہلخانہ نے ڈی پی او آفس کے باہر احتجاج کیا اور چیف جسٹس آف پاکستان، آئی جی پنجاب اور وزیراعلی پنجاب سے واقع کا نوٹس لینے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔