فیصل آباد: (دنیا نیوز) شادی سے انکار پر بس ہوسٹس کو سر عام گولیاں مارنے والے سیکیورٹی گارڈ نے جرم کا اعتراف کرلیا، ملزم پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ نکلا، کہتا ہےجو کیا اس پر پچھتاوا ہے، کوئی بھی سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔
فیصل آباد کی یتیم مہوش بھوک سے بلکتی بہنوں اور بیوہ ماں کی کفالت کیلئے گھر سے نکلی اور ہٹ دھرمی کی بھینٹ چڑھ گئی۔ شادی سے انکار پر عمردراز نامی گارڈ نے مہوش کو سرعام گولیاں مار دیں۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کے مطابق وہ پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے۔ ڈیڑھ سال سے مہوش کا پیچھا کر رہا تھا، اس کے رویے سے تنگ آکر مقتولہ نے ملازمت بھی تبدیل کی۔ واضح رہے کہ ملزم نے جرم کا اعتراف تو کرلیا لیکن پولیس ابھی تک آلہ قتل برآمد نہیں کرسکی۔