کوئٹہ: (دنیا نیوز) ضلع مستونگ کی علاقے دشت میں سی ٹی ڈی کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، خاتون سمیت 4 دہشتگرد ہلاک، ایک راہگیر خاتون سمیت 7 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
صوبہ بلوچستان کے علاقے دشت تیرہ میل میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مارا، کمپاونڈ میں موجود دہشت گردوں نے فورسز کی آمد پر ان پر فائرنگ کر دی۔ اس دوران ایک مبینہ خودکش بمبار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ فائرنگ اور دھماکے سے سی ٹی ڈی کے7 اہلکار اور قریبی گھر میں رہائش پذیر ایک خاتون زخمی ہوئی جبکہ ایک بچہ جاں بحق ہوا۔
زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ اور خاتون کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 2 زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔
عینی شاہدین اور اہلکاروں کے مطابق سی ٹی ڈی نے مدد کے لیے ایف سی کو بھی طلب کیا۔ دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 4 گھنٹوں تک جاری رہا۔ مارے جانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے، جو سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران خودکش جیکٹس، راکٹ لانچر، دیسی ساختہ بم، گولیاں اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔
دوسری جانب مسلح دہشت گردوں نے نواں کلی میں پولیس سب انسپکٹر عبدالصمد کی گاڑی پرفائرنگ کردی، جس سے سب انسپکٹر شدید زخمی اور اس کا چچا وزیر محمد اپنے 9 سالہ بیٹے سمیت جاں بحق ہوگیا۔