کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس اہلکاروں نے مبینہ فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ مقتول اپنے بیوی اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقتے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بخش علی گوٹھ کے قریب پیش آیا۔ فائرنگ مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے کی گئی۔ مقتول بیوی اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر کہیں جا رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کا پتہ چل گیا ہے، اہلکاروں نے کس کے حکم پر فائرنگ کی؟ چیک کر رہے ہیں۔ ادھر ڈی آئی جی ایسٹ نے واقعے کا نوٹس لے کر ایس ایس پی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار ایس پی ہیڈ کوارٹرز ایسٹ کے سکواڈ کا حصہ تھے۔ واقعہ ملزمان اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا۔ سکواڈ نے ڈکیتی کرنے والے ملزمان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق سکواڈ میں موجود پانچوں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اہلکاروں کے مطابق وہ کھانا کھانے نکلے تھے کہ گورنمنٹ سکول کے قریب ملزمان ڈکیتی کرتے نظر آئے، ڈکیتی کرتے دیکھ کر اہلکاروں نے روکنے کی نیت سے فائرنگ کی۔