پارل: (دنیا نیوز) پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پارل میں ہونیوالے پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ہینرچ کلاسن 86 رنز بنا کر نمایاں رہے، ریان ریکلٹن نے 36 ، ایڈن مارکرم نے 35، ٹونی ڈی زورزی نے 33 اور مارکو جانسن نے 10رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 4، ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان ایک، کامران غلام 4، عرفان خان ایک، شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سلمان علی آغا نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 82 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
سلمان علی آغا کو آل راؤنڈر پرفارمنس کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا، سلمان علی آغا نے اپنا مین آف دی میچ ایوارڈ صائم ایوب کو دے دیا۔
کپتان محمد رضوان نے میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب اور سلمان آغا نے اچھی اننگز کھیلی، کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔