لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کا اہم اجلاس ہوا جس میں قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس سے قبل مینٹورز سے علیحدہ ملاقات کی اس کے بعد مینٹورز اور سلیکشن کمیٹی کا دو گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر غور کیا گیا۔
دوران اجلاس سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں متوقع تبدیلیوں سے محسن نقوی کو آگاہ کیا، چیئرمین پی سی بی اور مینٹورز نے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا عمل رواں سیریز کے اختتام تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا، اجلاس میں کھلاڑیوں کے فٹنس کے عمل کو بھی رواں سیریز کے ختم ہونے تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پچز کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز نے اس حوالے سے تجاویز دیں۔
سلیکشن کمیٹی کے اراکین عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، حسن چیمہ، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان اجلاس میں شریک تھے۔
مینٹورز شعیب ملک، مصباح الحق، وقار یونس اورثقلین مشتاق نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ مینٹور سرفراز احمد اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔