پروویڈینس: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے نویں میچ میں یوگنڈا نے پاپوا نیو گنی کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا۔
امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں کھیلے گئے میچ میں یوگنڈا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلی اننگز
پاپوا نیوگنی کی ٹیم 19.1 اوورز میں 77 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اوپننگ بیٹر ٹونی اورا ایک اور اسد والا بغیر کسی رن کے آؤٹ ہوئے۔
پاپوا نیو گنی کی جانب سے ہری ہری 15 جبکہ لیگا سیاکا اور کپلن ڈوریگا 12، 12 رنز بنا کر نمایاں رہے، سیسے باؤ 5، چارلس امینی 5، نورمن وینیوا 5، الی ناؤ 5، چاڈ سوپر 4، ٹونی ارا 1 اور کپتان اسد والا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
یوگنڈا کی جانب سے الپش رامجانی، جوما میاگی، کوسماس کائیوٹا اور فرینک سوبوگا نے 2، 2 جبکہ کپتان برائن مسابا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگز
یوگنڈا کی اننگ کا آغاز بھی اچھا نہیں ہوا، اوپننگ بیٹر سائمن سیسازی ایک اور روجر مساکا بغیر کسی رن کے آؤٹ ہوئے، ریاضت علی شاہ نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 33 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاپوا نیو گنی کی جانب سے الی ناؤنے 2 جبکہ نورمن وینیوا، چاڈ سوپر اور کپتان اسد والا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
پروویڈنس میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں یوگنڈا نے 78 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
واضح رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں تین میچز کھیلے جا رہے ہیں، دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے عمان کو شکست دی۔
آج کے تیسرے میچ میں پاکستان ٹیم میزبان امریکا کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی، میچ پاکستانی مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8 بجے شروع ہو گا۔