نیویارک: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے آٹھویں میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے بآسانی شکست دیدی۔
بھارت نے آئرلینڈ کی جانب سے ملنے والا 97 رنز کا ہدف 12.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا، بھارتی کپتان روہت شرما 52 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز کا آغاز کیا مگر یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی اور ویرات کوہلی تیسرے اوور میں ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ روہت شرما 52 رنز کی اننگز کھیل کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، رشب پنت 36 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل پہلے کھیلتے ہوئے آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16 اوورز میں 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی، گیرتھ ڈیلانی26 رنز کیساتھ نمایاں رہے، اینڈی بالبرنی 5، کپتان پال سٹرلنگ2 ، لورکان ٹکر10، ہیری ٹییکٹر4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں جوش لٹل 14 ، کرٹس کیمفر 12 ، جارج ڈوکریل اور مارک ایڈیر3، 3 جبکہ بیری میک کارتھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 3، جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ نے 2، 2 جبکہ محمد سراج اور اکسر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں امریکا کے شہر نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔