آکلینڈ: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔
نیوزی لینڈ کی میزبانی میں 5 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر آکلینڈ کے ایڈن پارک کے میدان میں اتریں گی، شاہین شاہ آفریدی پہلی بار ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی، دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، شاہینوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلئے بھر پور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں دور کرنے کیلئے بھرپور محنت کی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے باہمی ریکارڈ کے مطابق گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے، پاکستان نے 20 جبکہ 13 میچز میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔