لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور صائم ایوب سے اننگز کا آغاز کروانے کا ممکنہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
آکلینڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران جارح مزاج اوپنر صائم ایوب اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نئی گیند کے ساتھ پریکٹس کی جس سے تاثر مل رہا ہے کہ سیریز کے دوران دونوں کرکٹرز ہی بیٹگ کا آغاز کریں گے۔
اس سے قبل سابق کپتان بابراعظم اور محمد رضوان ٹی 20 فارمیٹ میں اننگز کا آغاز کررہے تھے۔
پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی باؤلرز کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان نے محمد رضوان اور صائم ایوب کو نئی گیند سے باؤلنگ کروائی جبکہ بابراعظم کو سپن کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
کیویز کیخلاف ممکنہ طور پر بیٹنگ آرڈر میں رضوان اور صائم کو اوپننگ جوڑی کے طور پر شامل کیا جائے گا جبکہ بابراعظم اور فخر زمان تیسری اور چوتھی پوزیشن سنبھالیں گے۔
اسی طرح اعظم خان بیٹنگ آرڈر میں پانچویں نمبر پر ہوں گے جبکہ افتخار احمد چھٹے نمبر پر فائز پاور ہٹنگ فراہم کریں گے، تاہم حالات کے مطابق افتخار اور اعظم کی پوزیشنز کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔