شاداب خان نے ٹی 20 کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

Published On 28 March,2023 12:42 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے آلراؤنڈر اور ٹی ٹوئنٹی کپتان شاداب خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔

شاداب خان کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی باؤلر بن گئے، انہوں نے شارجہ میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغان بیٹر عثمان غنی کو آؤٹ کرکے اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔

خیال رہے کہ شاداب خان سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ سابق کپتان شاہد آفریدی کے پاس تھا۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے 98 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 97 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے اپنے ایک پیغام میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 100 وکٹیں حاصل کرنے والا پہلا باؤلر بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔

شاداب نے افغان سیریز کے حوالے سے کہا کہ ہم سیریز تو نہیں جیت سکے لیکن یہ نوجوان مستقبل کے ستارے بنیں گے اور انشاء اللہ پاکستان کا سر فخر سے بلند کریں گے۔