شارجہ: (ویب ڈیسک) افغانستان کے خلاف مسلسل دوسرے ٹی 20 میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان کا بیان سامنے آگیا۔
افغانستان نے 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 بنائے، جواب میں افغان ٹیم نے 20 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔
مسلسل دو میچز میں افغانستان سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں تو تھوڑا صبر کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ رضوان اور بابر اعظم پر سست رفتاری سے کھیلنے پر تنقید ہوتی رہی ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو بیک کرنے کی ضرورت ہے، سب کہتے تھے کہ نو جوان لڑکوں کو چانس دینا چاہیے ، وہ غلطیاں بھی کریں گے، وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیلنا شروع کر دیں گے ، پلیئرز بننے میں ٹائم لگتا ہے۔
شاداب کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، تھوڑا صبر کرنا ہو گا، نوجوان کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں، یہ مستقبل میں اچھا پرفارم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سیریز کا مقصد یہ تھا کہ ہم اپنی بنچ سٹرینتھ چیک کریں، مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے لیے مستقبل میں اچھی پرفارمنس دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آخری میچ آج شارجہ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔