لاہور: (ویب ڈیسک) ندیم خان کی پی سی بی میں اننگز ختم ہونے کا وقت قریب آ گیا، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کو رواں ہفتے واپسی کا پروانہ سونپنے کا امکان ہے۔
نجم سیٹھی کی زیرسربراہی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے آنے پر کئی پرانے آفیشلز کی ملازمت خطرے میں پڑ گئی تھی، بھاری تنخواہیں لینے والوں کو استعفیٰ دینے یا کم معاوضے پر کام کرنے کا آپشن دیا گیا، تقریباً تمام نے تنخواہیں کم کرنے پر آمادگی ظاہر کر کے وقتی طور پر ملازمت بچا لی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کافی عرصے سے سائیڈ لائن ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ان کو گھر بھیجنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، رواں ہفتے ہی فارغ کرنے کا امکان ہے، انہوں نے جون 2020 میں14 لاکھ 72 ہزار 500 روپے ماہانہ تنخواہ پر ملازمت سنبھالی تھی، البتہ نئی انتظامیہ کے دور میں ان کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی، ندیم کو پیغام مل چکا تھا کہ مستعفی ہو جائیں البتہ انہوں نے ایسا کرنے سے گریز کیا، اب رواں ہفتے ہی انہیں گھر بھیجنے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں بھی اس حوالے سے اتفاق کر لیا گیا جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر کا نام بھی دوبارہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کر دیا گیا ہے۔
جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز جنید ضیاء کی ملازمت بچ گئی ہے، البتہ ان کو ملتان ٹرانسفر کر دیا گیا ہے، تنخواہ آدھی کروانے کے باوجود ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کو بھی جلد فارغ کر دیا جائے گا، ان کو پہلے ماہانہ 13 لاکھ 93 ہزار 999روپے ملتے تھے، انہوں نے نوکری بچانے کیلئے کٹوتی پر آمادگی ظاہر کی تھی، اب 6 لاکھ 80 ہزار روپے تنخواہ ہو چکی ہے، اس کے باوجود انتظامیہ کام سے مطمئن نہیں۔
سابق ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی بطور کنسلٹنٹ ذمہ داری سنبھال چکے ہیں، جلد میڈیا ڈپارٹمنٹ میں وہ پرانی پوسٹ پر واپس آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل میں ڈیجیٹل کا کام میڈیا ڈپارٹمنٹ سے لے کر مارکیٹنگ کو سونپا گیا تو کامیابیوں کے نئے ریکارڈز قائم ہو گئے تھے۔
پی ایس ایل کے فائنل کے بعد انتظامی حوالے سے مزید کئی اہم فیصلے بھی متوقع ہیں، 3 اپریل کو 60 ویں سالگرہ مناتے ہی ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کو بھی ریٹائر کرنے کی تیاریاں ہیں۔