لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کپتان قومی ٹیم بابر اعظم سمیت دیگر اہم کھلاڑیوں کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام دینے کی وجہ بتا دی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے۔
نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کی کپتانی سے متعلق قیاس آرائیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کپتانی کے معاملے پر کوئی سازش نہیں ہو رہی، بابر اعظم نیشنل سکواڈ کے کپتان برقرار رہیں گے، وہ ہمارے ٹاپ سٹار ہیں، انہوں نے ہمارے حالیہ فیصلے کو سراہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم میرا کپتان ہے ، آرام کرنا بھی ضروری ہے اور فریش بلڈ بھی لانا ضروری ہے، کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم سے نہیں نکالا، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں تمام کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے، بابر خود کسی فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنا چاہیں تو یہ ان کی مرضی ہو گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔