256 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پُر اعتماد بیٹنگ، بابر اعظم 66 رنز بنا کر آؤٹ

Published On 09 January,2023 09:36 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 255 سکور بنائے، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پُر اعتماد بیٹنگ جاری ہے، کپتان بابر اعظم 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گری، امام الحق بریسول کی گیند پر شفلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 108 رنز پر فخر زمان کی گری جنہوں نے 56 سکور بنائے، وہ بھی بریسول کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم تھے جو 168کے مجموعے پر گلین فلپس کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: 3 فارمیٹ، 3 کپتان: ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نئے فارمولے پر غور شروع

اس سے قبل نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر رنز255 سکور بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل 43 اور وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر نمایاں رہے،گلین فلپس 37، ڈیرل مچل 36، فِن ایلن 29، کپتان کین ولیم سن 26، مچل سینٹنر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،ٹِم ساؤتھی 15 جبکہ لوکی فرگوسن 1 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیوٹنٹ اسامہ میر 2 جبکہ محمد وسیم اور محمد نواز 1،1 وکٹ لے سکے۔

نائب کپتان بنائے جانے والے شان مسعود نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان ٹیم میں شامل نہیں،قومی ٹیم میں لیگ اسپنر اسامہ میر نے ون ڈے میں ڈیبیو کیا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے اسامہ میر کو ون ڈے کیپ پیش کی۔

مڈل آرڈر بیٹر حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے،کپتان، ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی نے شان مسعود کو میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس

نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ٹیم

فخر زمان، امام الحق، کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، حارث سہیل، سلمان آغا، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، حارث رؤف، نسیم شاہ۔

نیوزی لینڈ ٹیم

فن ایلن، ڈیون کانوے، کپتان کین ولیمسن، ڈیرل مچل، وکٹ کیپر ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر، ہنری شپلی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن۔