کراچی ٹیسٹ،پہلے روز پاکستان کے نیوزی لینڈ کیخلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر317 رنز

Published On 26 December,2022 11:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنا لیے ۔

 پہلا روز

 نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن قومی ٹیم کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 12 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق اعجاز پٹیل کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 7 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے، شان مسعود بھی مچل بریسویل کی گیند پر زور دار ہٹ لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، وہ صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

امام الحق بھی بریسویل کی گیند پر آگے بڑھ کر چھکا لگانے کی کوشش میں 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور سعود شکیل نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور بابر اعظم نے اپنے کیرئیر کی 27 ویں نصف سنچری مکمل کی، ٹیم کا 110 رنز پہنچا تو سعود شکیل 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سرفراز احمد 86 رنز بناکر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ میچ کے اختتام پر بابر اعظم ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے161 ، آغا سلمان 3 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

ٹاس

قبل ازیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی کپتان بابر اعظم نے کیویز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کے مطابق پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد کی 4 سال بعد پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے، فاسٹ باؤلر میر حمزہ اور امام الحق کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے اچھی دکھائی دے رہی ہے، نئی سیریز ہے کوشش ہوگی کہ پہلے سے بہتر پرفارم کریں۔

اس موقع پر کیوی کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا کہ پاکستان اچھی ٹیم ہے ،امید ہے اچھا مقابلہ ہوگا، ٹیم میں 3 سپنر اور 2 فاسٹ باؤلرز شامل کیے ہیں، انگلینڈ نے بھی یہاں بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے کوشش ہوگی ہم بھی اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔

پاکستانی سکواڈ

نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے میچ میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابراعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم، ابرار احمد، اور میر حمزہ کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ سکواڈ

کیویز کی جانب سے پاکستان کیخلاف پہلے میچ میں ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساوتھی، اش سودھی، نیل واگنر اور اعجاز پٹیل ٹیم کا حصہ ہیں۔