گیلی آؤٹ فیلڈ، ایک مرتبہ پھر بھارت کی حمایت، امپائرز کو شدید تنقید کا سامنا

Published On 02 November,2022 06:21 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اور بنگلا دیش کا سنسنی خیز میچ کھیلا گیا اور بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ ہونے کے باوجود میچ شروع کروانے پر امپائرز کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ بھارت نے 185 کا ہدف دیا اور بنگلا دیش نے لٹن داس کی 21 گیندوں پر نصف سنچری کی بدولت تعاقب کا شاندار آغاز کیا، بارش نے بنگلا دیش کے ہدف کے تعاقب میں اس وقت خلل ڈالا جب وہ 7 اوورز بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بناچکے تھے۔

وقفے کے بعد کور آف ہو گئے اور ہدف 16 اوورز میں 151 رنز کر دیا گیا۔

تاہم بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن امپائرز کے ساتھ بحث کرتے نظر آئے اور آؤٹ فیلڈ گیلی دکھائی دی، کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد لٹن بھی پہلی ہی گیند پر پھسل گئے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

دریں اثنا سوشل میڈیا صارفین نے امپائرز پر بھارت کی حمایت کرنے کا الزام لگایا کیونکہ بنگلا دیش پہلے ہی ڈی ایل ایس طریقہ سے 17 رنز آگے تھا جس سے انہیں ایک جیت اور دو اہم پوائنٹ ملنے کی توقع تھی۔

اس کے بعد ٹوئٹر پر امپائرز ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ بی سی سی آئی کا عالمی کرکٹ میں غلبہ ہے، بھارت کو ایک بار پھر امپائروں کی حمایت حاصل رہی کیونکہ میچ جلد دوبارہ شروع نہیں ہونا چاہیے تھا۔

 خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے خلاف بھارت کے میچ میں امپائرز کی جانب سے متنازع نو بال دی گئی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امپائرز کو آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا۔