لاہور: ( ویب ڈیسک ) جنوبی افریقا کے سابق سٹائلش بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔
سابق جنوبی افریقی کرکٹر نے بابر اعظم کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پروٹیز کے خلاف میچ سے قبل پاکستان کے مسئلے کی نشاندہی کی ہے۔
اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سابق دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ بیٹنگ پاکستانی ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث ہے،پاکستان کی بیٹنگ سائیڈ ہمیشہ ایک مسئلہ رہی ہے، یہ کبھی بھی کافی ٹھوس نہیں تھی، یہ ہمیشہ اوپر نیچے ہوتی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی وجہ سے مستقل مزاجی دکھا رہی ہے۔
پریٹوریا میں پیدا ہونے والے کھلاڑی نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بابر اعظم ایک حیرت انگیز کھلاڑی ہیں، میں نے انہیں پہلی بار کھیلتے ہوئے دیکھا اور کہا تھا کہ یہ لڑکا کھیل سکتا ہے، وہ پاکستان کی کامیابی میں ایک شاندار اضافہ ہے اور نوجوان کے کرکٹ کی دنیا میں نام بنانے اور آگے آتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔