میتھیو ہیڈن کو پاکستانی ٹیم کی جدائی نے اداس کردیا

Published On 18 November,2021 05:17 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں نبھانے والے میتھیو ہیڈن کو پاکستانی ٹیم کی جدائی نے اداس کردیا۔

خیال رہے کہ اب قومی ٹیم اپنے اگلے مشن پر دورہ بنگلہ دیش پر پہنچ چکی ہے جہاں اس دورے میں کوچنگ سٹاف میں میتھیو ہیڈن شامل نہیں ہیں۔

اس حوالے سے سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق آسٹریلوی جارحانہ بلےباز میتھیو ہیڈن کی جانب سے اردو زبان میں ٹوئٹ کیا گیا جس میں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے جذباتی پیغام جاری کیا۔

اپنے پیغام میں میتھیو ہیڈن نے لکھا کہ اسلام و علیکم پاکستان!میں برسبین کے قرنطینہ سینٹر میں بیٹھا اپنی آئیسولیشن مکمل کر رہا ہوں مگر میرا دل ڈھاکہ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے ساتھ جڑا ہے۔میری تمام تر نیک تمنائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔شاباش لڑکو! چھا جاؤ۔پاکستان زندہ باد!

واضح رہے کہ عالمی کپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا جس میں ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن اور باؤلنگ کوچ ورنن فلینڈر نے بھی نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

اب پاکستان کی ٹیم ڈھاکہ میں موجود ہے جہاں وہ بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی20 اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔