لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوران سری لنکا نے بھارت پر ’لنکا‘ ڈھا دی، جس کے بعد روہت شرما الیون مسلسل دو میچ ہارنے کے بعد ایونٹ سے تقریباً باہرہو گئی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا، تاہم حریف باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے بھارتی بیٹنگ کو روکے رکھا۔پہلی وکٹ 11 کے مجموعی سکور پر گری ، راہول 6 پر پویلین لوٹے۔
ایونٹ میں مسلسل سکور کرنے والے ویرات کوہلی اس بار ناکام رہے اور صفر پر آؤٹ ہو گئے، اس دوران روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے سکور کو آگے بڑھایا اور وکٹ کے چاروں طرف زبردست شارٹس کھیلے۔ بھارتی کپتان نے 41 گیندوں پر 72 رنز کی جارحانہ باری کھیلی اور 110 پر کریز چھوڑ گئے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی بڑا سکور نہ بنا سکے۔
مقررہ اوورز میں بھارتی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر173 رنز بنا سکی، مادھو شانکا نے 3شکار کیے۔
سری لنکن بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ انداز اپنایا اور ہندوستانی باؤلرز کی ایک بھی نہ چلنے دی، 97 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کا اختتام چاہل نے کیا، ناسانکا نے 52 رنز کی باری کھیلی، اسالانکا صفر پر پویلین لوٹ گئے، گوناتھیکلے بھی ایک سکور بنا کر چلتے بنے۔ مینڈس نے 57 سکور کیے۔
لنکن ٹائیگر نے آخری اوور میں ہدف 4 وکٹوں کے نقصان حاصل کر لیا، راجہ پاکسے 25 اور کپتان شناکا33 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، چاہل نے تین مہرے کھسکائے۔
بھارت
روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشب پانٹ، دیپک ہودا، پانڈیا، بھونیشور کمار، روی چندرن ایشون، چاہل، ارشدیپ سنگھ
سری لنکا
دانوشکا گوناتھیکلے، نسانکا، مینڈس، اسالانکا، راجا پاکسے، داسن شناکا، ڈی سلوا، کرونارتنے، مہیش تھیکشنا، فرنینڈو، مدوشنکا