ایشیا کپ سپر فور مرحلہ، بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ منگل کو کھیلا جائیگا

Published On 05 September,2022 01:42 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں کل (منگل) 6 ستمبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی، بھارتی ٹیم روہیت شرما کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ سری لنکا کو داسن شناکا لیڈ کریں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ہیں، 6 ستمبر بروز منگل کو سپر فور مرحلے کا تیسرا میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، سری لنکن ٹیم اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دے چکی ہے جبکہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایشیا کپ میں 7 ستمبر کو سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں شارجہ میں مدمقابل ہوں گی، 8 ستمبر کو بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا، 9 ستمبر کو سپر فور کے آخری میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دبئی میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔