لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا، طوبیٰ حسن، گل فیروزہ اور صدف شمس کو پہلی مرتبہ کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ میں 20 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے، ندا ڈار اور عالیہ ریاض سمیت 8 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ میں ترقی دی گئی ہے جبکہ کیٹیگری اے میں بسمہ معروف، ندا ڈار اور عالیہ ریاض کو شامل کیا گیا ہے۔
کیٹیگری بی میں انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل شامل ہیں، کیٹیگری سی میں عائشہ نسیم، منیبہ علی، جویریہ خان، سدرہ امین اور سدرہ نواز کو شامل کیا گیا ہے، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال، صدف شمس اور طوبیٰ حسن کو کیٹیگری ڈی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
Tuba Hassan among 20 players awarded enhanced women s central contracts for 2022-23 season #BackOurGirls pic.twitter.com/2h8r7mDxSH
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 1, 2022
سیزن دوہزار 21 بائیس میں عمدہ کارکردگی کلی بدولت سدرہ امین، غلام فاطمہ اور ارم جاوید کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے، مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویمن پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والی 21 سالہ طوبیٰ حسن کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کیٹگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس حوالے سے طوبیٰ حسن کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر بہت خوش ہیں، بالآخر انہیں اپنی سخت محنت کا صلہ ملنا شروع ہوگیا ہے، ان کی تمام تر توجہ میدان میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز ہے ، وہ اب اپنی محنت دگنی کردیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سفر میں بھرپور ساتھ دینے پر اپنی تمام سینئر کھلاڑیوں، دوستوں، اہل خانہ اور سپورٹ سٹاف کی مشکور ہیں، ان کا واحد مقصد پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ خود سے جڑی تمام توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔
اسماویہ اقبال
Women s selection committee chair Asmavia Iqbal is announcing the women s central contracts list for 2022-23
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 1, 2022
Watch live https://t.co/ikKAqIUN0r pic.twitter.com/uMs1rhKQyR
چیئر آف ویمنز سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ 8 کھلاڑیوں کا ترقی اور 3 کا پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ پانا درحقیقت پاکستان خواتین کرکٹ کے درست سمت میں آگے بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے تاہم انہیں اب بھی بہت محنت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیزن 2022-23 میں جتنی زیادہ کرکٹ کھیلنے کی مل رہی ہے، وہ پرامید ہے کہ اس سیزن کے اختتام پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ایک مزید بہتر سائیڈ بن کر سامنے آئے گی، سینٹرل کنٹریکٹ نہ صرف کھلاڑیوں کی گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا صلہ ہوتا ہے بلکہ یہ انہیں آئندہ سیزن میں بھی بہتر کھیل پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
اسماویہ اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ سیزن میں بھرپور عزم اور لگن کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں کی مشکور ہیں، وہ امید کرتی ہیں کہ یہ تمام کرکٹرز آئندہ سیزن کے دوران کامن ویلتھ گیمز، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔