لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا، پہلی بار کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال کی کیٹگری میں میں تقسیم کیا گیا ہے، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
نئے کنٹریکٹ کے مطابق ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جبکہ کپتان سمیت 5 کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ کے کانٹریکٹ مل گئے ہیں۔
10کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال اور11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کانٹریکٹ ملا ہے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں۔
بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی اے کیٹیگریز میں شامل ہیں۔
حسن علی ریڈ بال میں بی اور وائٹ بال میں سی کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں جب کہ امام الحق کو ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کیٹیگری ملی ہے۔
بیٹر اظہر علی ریڈ بال کانٹریکٹ کی اے اور فواد عالم بی کیٹیگری میں شامل ہیں جب کہ عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی ریڈ بال کی سی کیٹیگری کا حصہ ہیں۔
ڈی کیٹیگری میں عابد علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں جب کہ فخر زمان اور شاداب خان وائٹ بال کنٹریکٹ کی کیٹیگری اے میں شامل ہیں، فاسٹ بولر حارث رؤف بی اور محمد نواز کیٹیگری سی کا حصہ ہیں۔
آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر کو کیٹیگری ڈی میں شامل کیا گیا ہے۔
علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حارث، محمد حریرہ، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا ایمرجنگ کانٹریکٹ کا حصہ بنے ہیں۔