ابوظہبی: (ویب ڈیسک) افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کو سپر 12 مرحلے کے 40 ویں میچ میں 150 سے زیادہ رنز کا ہدف نہیں دے پائے جس کے سبب شکست ہوئی، اپنی بلے بازی کی غلطیوں سے سیکھنا ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بھارت کرکٹ میلے سے باہر ہو گیا، اس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوا ہے، گروپ 2 میں اب پاکستان ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ کیویز کےہاتھوں شکست پر افغان کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ وہ میچ کا آغاز ہی ٹھیک نہیں کر پائے جو شکست کی بڑی وجہ بنا، ہمارا منصوبہ تھا کہ ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو 150 رنز سے زائد کا ہدف دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نجیب افغان ٹیم کو کھیل میں واپس لائے، اس کے باوجود طے شدہ ہدف نہیں دے پائے، اگر ہمارے بلے باز ایسا کر لیتے توہمارے جیتنے کے چانسز زیادہ ہو جاتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے باولنگ کے دوران بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی، ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی ، بہت کچھ سیکھنے سمیت مثبت چیزیں لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹنگ میں پائی جانیوالی خامیوں کو دور کرنا ہو گا۔