شعیب اختر کا پی ٹی وی سے قانونی لڑائی لڑنے کا اعلان

Published On 07 November,2021 09:58 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز)شعیب اختر نے پی ٹی وی سے قانونی لڑائی لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر نے پی ٹی وی کی جانب سے ہرجانے کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میری عزت اور شہرت کی حفاظت میں ناکامی کے بعد پی ٹی وی نے ریکوری نوٹس بھیج دیا، پی ٹی وی کے رویہ سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں فائٹر ہوں،ہاتھ کھڑے نہیں کرونگا ،قانونی لڑائی لڑونگا، میرے وکیل سلمان خان نیازی اس معاملہ کو قانون کے مطابق لیکر چلیں گے۔

قبل ازیں پی ٹی وی انتظامیہ نے شعیب اختر کو10کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیلی وژن(پی ٹی وی ) کی جانب سے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر اور اینکر نعمان نیاز کے مابین تلخ کلامی کے معاملے پر دونوں کو آف ایئر کرنے کے بعد سرکاری ٹی وی چینل نے راولپنڈی ایکپسریس کو ہرجانے کا نوٹس بھجوایا۔

شعیب اختر کو کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر ہرجانہ کا نوٹس بھیجا گیا، کنٹریکٹ کے مطابق شعیب اختر استعفیٰ کی صورت میں 3 ماہ کی تنخواہ ادا کرینگے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شعیب اختر کنٹریکٹ کے مطابق کسی اور ٹی وی پروگرام میں شریک نہیں ہوسکتے تھے، شعیب اختر کے استعفیٰ کیوجہ سے پی ٹی وی کو نقصان ہوا۔