ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی میں آج بھارت اور نمیبیا آمنے سامنے ہوں گے

Published On 08 November,2021 08:49 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کے سپر 12 مقابلے میں آج بھارت اور نمیبیا آمنے سامنے ہوں گے۔

ٹی ٹونٹنی کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے، پاکستانی وقت کے مطابق بھارت اور نمیبیا رات 7 بجے میدان میں اتریں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتیوں کا ٹی ٹونٹی کرکٹ پر راج کرنے کا خواب چکنا چور ہو چکا، گروپ 1 سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ گروپ 2 سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

بھارت چاہے نمیبیا کیخلاف آج کا میچ جیت بھی لے اس کے باوجود وہ نیوزی لینڈ کی افغانستان کیخلاف فتح کے بعد ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی ایونٹ شروع ہونے سے قبل کوہلی الیون کا فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جا رہا تھا اور ویرات کوہلی نے ٹرافی جیت کر مختصر فارمیٹ کی کپتانی باوقار انداز میں چھوڑنے کا فیصلہ کر رکھا تھا تاہم اب جیسے سارے منصوبے پر پانی پھر چکا ہے۔

بھارت کا تو جو حال ہوا سو ہوا، نمیبیا کی جانب سے ٹی ٹونٹی کے عالمی کپ جیسے بڑے مقابلے میں کھیلنے کو شاندار تجربہ قرار دیا جا رہا ہے۔ نمبین کوچ پائرے ڈی برائن کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں اپنی امیدوں سے بڑھ کر پایا، سپر 12 مرحلہ ہمارے لئے خاصا خوشگوار رہا۔ ہم نے میدان میں مخالف ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، سکاٹ لینڈ کیخلاف جیت سے آغاز، پھر افغانستان اور اس کے بعد پاکستان سے میچ نے ہمیں بہت کچھ سیکھنے میں مدد دی۔ دنیا کی بہترین ٹیموں سے آمنا سامنا جوش سے بھرپور احساس رہا، اس دوران جو ہم نے سبق حاصل کئے وہ ہمارے لئے کسی خزانے سے کم نہیں۔