لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان نے سب سے زیادہ ٹی 20میچ جیت کر بھارت اور نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ سے ٹی 20ورلڈ کپ کا آغاز ہورہا ہے،پہلے راؤنڈ میں ایسوسی ایٹ ٹیمیں مدمقابل ہونگی جس کے بعد اگلے مرحلے (سپر12)کا آغاز ہوگا ،اس دوران دنیائے کرکٹ کی بڑی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔24اکتوبر کو گرین شرٹس روایتی حریف بھارت کے خلاف نبردآزما ہوگی۔بابر الیون میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے ساتھ بھی میچز کھیلے گی۔
آئیے تقابلی جائزہ لیتے ہوئے بتاتے ہیں کہ پاکستان ،بھارت،نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں کتنی بار ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیل چکی ہیں۔
پاک بھارت میچز
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے اب تک 177ٹی 20میچ کھیلے ہیں جن میں سے 106میچ جیتے جبکہ 63 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس فہرست میں بھارت کی ٹیم دوسرے نمبر پر جس نے 145 ٹی 20 میچ کھیل کر89 میں کامیابی سمیٹی اور49 میں ہار اس کا مقدر بنی۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 150 ٹی 20 میچ کھیل کر 73 جیتے جبکہ 65میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 ٹی 20 میچ کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے ایک جیتا اور 6 میں شکست ہوئی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 14 ستمبر 2007 کو کھیلا گیا جو کہ برابر رہا تھا۔ٹی 20 ورلڈکپ 2007 میں بھارت نے 141 رنز بنائے جبکہ پاکستان نے سکور لیول کردیا تھا۔
14 ستمبر 2007 میں ڈربن میں کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں محمد آصف نے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام کی تھیں جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 24ٹی 20 میچ کھیلے گئےجن میں سے قومی ٹیم نے 14جیتے اور 10 ہارے۔
پاک نیوزی لینڈ میچز
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈکپ میں 5 بار مدمقابل ہوئیں جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں 5 میچز میں سے پاکستان نے 3 جیتےاور 2 ہارے،پاک کیوی ٹی 20 مقابلےمیں زیاد سے زیادہ 201 رنز بنے اورکم سے کم ٹوٹل 100 رنز کا تھا جو 13 جون 2009 کو بنا۔
پاک افغان میچ
پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں اب تک صرف ایک مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں،اس میچ میں شاہینوں نے افغانیوں کو 6وکٹوں سے شکست دی تھی،کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کا میلہ 17اکتوبر سے عمان اور یو اے ای میں سجے گا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 24اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔