لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلی کرنی ہے یا نہیں اس کا فیصلہ کل چیئرمین پی سی بی اور کپتان بابراعظم کی ملاقات میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق قسمت کی دیوی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والوں پر مہربان ہوگئی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کل کپتان بابر اعظم سے ملاقات کرینگے جبکہ چیف سلیکٹر محمد وسیم دونوں کی ملاقات کا حصہ نہیں ہونگے۔ اعلان کردہ ٹی20سکواڈ میں میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے جبکہ سکواڈ برقرار رکھنے کی آپشن پر بھی غور ہوگا۔
ورلڈ کپ سکواڈ میں ریزرو کھلاڑیوں کو فائنل پندرہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ فخر زمان اور شاہ نواز دھانی کو ریزرو سے فائنل پندرہ سکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ خوشدل شاہ اور محمد حسنین کو پندرہ کے سکواڈ سے ریزرو میں بھیجے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بتایا تھا کہ پاکستان کا سکواڈ 15 رکنی ہے، 3 ریزور پلئیرز شامل ہیں۔ ٹیم کی ضرورت کے مطابق انتخاب کیا، کنڈیشنز کو ذہن میں رکھا ہے۔
محمد وسیم نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کپتان ، نائب کپتان شاداب خان ہوں گے۔
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) September 6, 2021
ٹیم میں آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود بھی شامل ہیں۔
محمد وسیم نے کہا تھا کہ سرفراز احمد کو ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ ریزرو پلئیرز میں فخر زمان، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔
آصف علی اور خوشدل شاہ کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ محمد وسیم کے مطابق 15 رکنی اسکواڈ میں 5 بیٹسمین، 2 وکٹ کیپرز، 4 آل راؤنڈرز اور 4 فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ اعظم خان بیک اپ وکٹ کیپر ہوں گے، اس لیے ان کا انتخاب کیا، اعظم خان ٹیم میں آتے ہیں تو مڈل آرڈر کو بھی فائدہ ہو گا، اعظم خان مڈل آرڈر کی بھی کمی کو پورا کر سکتے ہیں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ آصف علی بھی پرفارم کریں گے۔