ابوظہبی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے حالیہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دیدی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مخالف ٹیم کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن لاہور قلندرز اسے حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ قلندرز کی پوری ٹیم اٹھارہ اعشاریہ دو اوورز میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنر فخر زمان 44 جبکہ کپتان سہیل اختر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ قلندرز کے کھلاڑیوں کے ناقص کھیل کا اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی نہ جا سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ 3 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب گیند باز رہے۔ دیگر باؤلرز میں فواد احمد اور شاداب خان نے دو دو جبکہ علی خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابتدائی کھلاڑیوں نے انتہائی ناقص کھیل پیش کیا لیکن آصف علی اور افتخار احمد کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر عثمان خواجہ پہلے اوور میں ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
اس سے اگلے ہی اوور میں جیمز فالکنر نے روحیل نذیر کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ صرف ایک رنز بنا سکے۔
کولن منرو بھی اس میچ میں چل نہیں سکے اور چار رنز بنا کر جیمز فالکنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
حسین طلعت آٹھ رنز بنا کر جیمز فالکنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حارث رؤف نے اپنی پہلی ہی گیند ہر شاداب خان کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
آصف علی اور افتخار احمد نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے 123 رنز کی شراکت داری بنی۔
آصف علی 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد بدقسمتی سے اپنی نصف سیچری مکمل نہ کر سکے اور 49 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر راشد خان کو کیچ تھما بیٹھے۔
آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حسن علی اور عاکف جاوید کی جگہ علی خان اور فواد احمد جبکہ لاہور نے ذیشان اشرف کو محمد فیضان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا تھا۔