لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے ہرا دیا۔
177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور آگے بڑھایا تاہم 14 کے مجموعی سکور پر شرجیل رن آؤٹ ہو گئے۔ اوپنر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
ون ڈاؤن بیٹسمین مارٹن گپٹل اور نجیب اللہ زردان 11.11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ والٹن 35 ، پریرا ، عماد وسیم صفر جبکہ نوجوان بیٹسمین قاسم اکرم 10 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی ٹیم 164 رنز بنا سکی۔ بابر اعظم 85 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران خان نے 3 جبکہ عمران طاہر نے دو شکار کیے۔
ملتان سلطانز کی بیٹنگ
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے 16 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
ملتان سلطانز کی طرف اننگز کا آغاز کپتان محمد رضوان اور رحمان اللہ گرباز کیا، تاہم کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اوپنر گرباز کو 4 کے مجموعی سکور پر پویلین بھیج دیا، انہوں نے تین رنز بنائے تھے، اس دوران صہیب مقصود نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے۔ ان کی اننگز کا اختتام وقاص مقصود نے کیا۔ بیٹسمین 14 گیندوں پر 31 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
ریلی روسو نے بھی صہیب مقصود کی طرح دلیرانہ انداز میں بیٹنگ کی، انہوں نے کپتان رضوان کے ساتھ مل کر 39 گیندوں پر 68 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، تاہم جنوبی افریقی پلیئر پریرا کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان 22 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شیمرون ہٹمائر 7 سکور بنا کر پریرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے ہیں۔ خوشدل شاہ 44 اور سہیل تنویر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پریرا نے دو جبکہ عماد وسیم، وقاص مقصود کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
کراچی کنگز سکواڈ:
عماد وسیم، بابر اعظم، شرجیل خان، نجیب اللہ زردان، تھیسارا پریرا، مارٹن گپٹل، والٹن، قاسم اکرم، وقاصد مقصود، محمد عامر، ارشد اقبال
ملتان سلطانز سکواڈ:
محمدرضوان ، رحمان اللہ گُرباز، صہیب مقصود، ریلی روسو، شیمرون ہیٹمائر، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، سہیل خان، عمران طاہر، شاہنواز دھانی، عمران خان۔