لاہور: (روزنامہ دنیا) قذافی سٹیڈیم میں انٹرا سکواڈ پریکٹس ون ڈے میچ کے دوران سنچری بنانے والے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان پر جوش ہیں کہ انہیں تھری فیگر اننگز کھیل کر بہت اچھا لگا کیونکہ وہ اچھے باؤلرز کیخلاف کوئی ون ڈے میچ کافی عرصے کے بعد کھیلے اور انہوں نے کوشش کی کہ خود کو کریز پر زیادہ دیر تک قائم رکھ سکیں جبکہ سیٹ ہونے کے بعد انہوں نے اپنے سٹروکس کھیلنا شروع کئے تو سکورنگ ریٹ میں اضافہ ہونے لگا۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ دورے کی تیاریوں کے لحاظ سے یہ میچ کافی کارآمد رہا جبکہ کیمپ کا انعقاد بھی کافی حد تک موثر ثابت ہوا کیونکہ یہاں سے حاصل شدہ اعتماد کا وہ جنوبی افریقہ کیخلاف میچوں میں بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے کے بعد ون ڈے میچ کھیل کر پر جوش ہیں۔