لاہور: (دنیا نیوز) دورہ جنوبی افریقا سے پہلے انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ شاداب الیون نے جیت لیا، ایک سو نو رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلنے والے فخر زمان کہتے ہیں کہ بہترین تیاریاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں قومی سکواڈ کے درمیان پریکٹس میچ ہوا، بابر الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے دو سو نواسی رنز بنائے، ہدف کو مشکل بنانے کے لیے اسے تین سو بیس تک مقرر کر دیا گیا۔ امام الحق اکانوے، کپتان بابر اعظم تیراسی رنز پر ریٹائرڈ ہوئے۔
جواب میں فخر زمان نے ذمہ دارانہ بلکہ جارحانہ اننگز کھیلی، ایک سو نو رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہنے والے اوپنر نے تیاریوں کو زبردست قرار دیا، جیت پر نظریں بھی جما لیں۔
شاداب الیون نے چھیالیسویں اوور میں چھ وکٹ پر ہدف پورا کر لیا، شاہنواز ڈھانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ سیریز سے پہلے آج پھر کھلاڑی آرام کریں گے، پروٹیز کے دیس 26 مارچ کو روانگی ہے جبکہ 2 اپریل کو پہلا ون ڈے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔