لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان وسیم اکرم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کمیٹی سے متعلق بیان لیجنڈ باؤلر کی ذاتی رائے ہے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کرکٹ کمیٹی کے اجلاس دو مرتبہ ہوچکے ہیں جس میں کرکٹ کے امور پر بات چیت ہوئی. کرکٹ کمیٹی کا اجلاس شیڈول تھا وسیم اکرم کے سسر کے انتقال پر موخر کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی نئی تاریخ شیڈول نہیں ہوسکی، کرکٹ کمیٹی کے اراکین بغیر تنخواہ کے کام کرتے ہیں۔ کرکٹ کمیٹی کے اراکین کو صرف اجلاس میں شرکت کرنے پر الاونسز دئیے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا تاہم ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔ میں چیف سلیکٹر محمد وسیم کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کس کھلاڑی کو قومی کرکٹ ٹیم میں لو یا کس کرکٹر کو شامل نہیں کرو، میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے، مجھے اور بہت سے کام ہوتے ہیں، دراصل میں بھی اس طرح کی باتیں سنتا رہتا ہوں، ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔
کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ہی کمیٹی پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ کون سی کرکٹ کمیٹی، جس کا سال میں ایک ہی اجلاس ہوتا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقا کو دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے، وہاں کی پچز بہت مختلف ہوں گی، ان وکٹوں پرپاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔