لاہور: (ویب ڈیسک) دورہ جنوبی افریقا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں 7 اضافی کھلاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر عماد بٹ، خوشدل شاہ، محمد عمران، فیصل اکرم، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔
یہ کرکٹرز انیس مارچ سے شروع ہونے والے کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی تربیت حاصل کریں گے۔ ان سات کھلاڑیوں میں شامل دو کرکٹرز شاہنواز دھانی اور زاہد محمود دورہ زمبابوے کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بھی ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے اعظم خان اور صہیب مقصود کو بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور طلب کر لیا ہے، جہاں دونوں کرکٹرز فزیکل ٹریننگ کریں گے۔
چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں طلب کردہ سات کھلاڑیوں کے علاوہ مزید دو کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرنا ہماری پالیسی کا حصہ ہے کہ جس کے تحت ہم اپنے مایہ ناز کرکٹرز کو صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ پچیس ایسے کھلاڑیوں کو بھی این ایچ پی سی طلب کر چکے ہیں جو پی ایس ایل سکس کا حصہ نہیں تھے تاکہ وہ اعلیٰ پایہ کے کوچز کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔