2023ء ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی میزبانی کیلئے پر امید ہیں: چیئر مین پی سی بی

Published On 17 March,2021 07:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان 2023ء میں ایشیاء کپ کی میزبانی کرے گا اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم بھی اس میں شرکت کرے گی۔

غیر ملکی انٹرویو کے دوران چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا کہ ممکن ہے کہ پاکستان کو دو سالوں میں ٹورنامنٹ کے میزبانی کے حقوق مل جائیں، پاکستان کو 2023ء میں ایشیاء کپ کی میزبانی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی شرکت پاکستان کرکٹ کے لئے ایک بہت بڑی پیشرفت ہوگی ،مجھے امید ہے کہ تب تک سیاسی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔ کچھ حالیہ پیشرفتوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔

سری لنکا میں اس سال کے ایشیاء کپ کے بارے میں احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس کے لئے وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جون میں ایک چھوٹی سی ونڈو تھی جس میں ہم پاکستان سپر لیگ کے باقی میچ کھیلنے جا رہے ہیں، ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلے گی ،انہیں دو ہفتے قبل انگلینڈ جانا ہے اور قرنطینہ میں رہنا ہے لہذا ہندوستانی ٹیم بھی مصروف ہے۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ افواہ سنی کہ بھارت نے ایشیاء کپ کیلئے اپنی بی ٹیم بھیجنے کی منصوبہ بندی کی ہے تاہم انہیں سرکاری طور پر اس کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ایشیاءکپ ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اس کی بجائے سری لنکا 2022ء میں اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ تمام ٹیموں کے لئے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا بہت ضروری ہے تاکہ ایشین کرکٹ کونسل کو معقول آمدنی حاصل ہوسکے، ایشیا کپ سے حاصل ہونے والی رقم کرکٹ کے فروغ کے لئے ایسوسی ایٹ ممالک کو رقم فراہم کرتی ہے۔