لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ عماد وسیم کو ٹی ٹونٹی سے ڈراپ نہیں کرنا چاہیے، شاہنواز دھانی کو فرسٹ کلاس میں تجربہ حاصل کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چيف ایگزيکٹو وسیم خان بہترین کام کر رہے ہيں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہيں۔ جب تک اوسط درجے کے افراد کرکٹ بورڈ میں آئیں گے تو ایسے فیصلے ہوتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید کہ پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی کشیدگی کم ہوجائے گی تاکہ روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ بحال ہو۔
راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے دورے پر آل راؤنڈر عماد وسیم کی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں جگہ بنتی تھی،عماد وسیم کا ٹی ٹونٹی ٹیم سے ڈراپ ہونا نہیں بنتا۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی کو فرسٹ کلاس میں تجربہ حاصل کرنا چاہیے، پاکستان کا ٹیلنٹ پول تو اتنا ہی ہے لیکن ٹیلنٹ کوکھلانے والے لوگ ختم ہوگئے ہیں، پی سی بی کو بچوں سے پیسے لے کر کلب کرکٹ نہیں چلانی چاہیے، ہمیں ڈومیسٹک سٹرکچر بہتر ہونا چاہیے جہاں کھلاڑی کو اچھے پیسے ملیں۔