لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی طرف سے دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقا کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے جانا ہے جس کے لیے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹیم کا اعلان کیا ہے، جس پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ’ڈمی کپتان’ نہیں بننا چاہتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان پی ایس ایل 6 میں شاہنواز دھانی کو کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر کو اتنی جلدی ٹیم میں نہیں لایا جانا چاہیے اس کے لیے فاسٹ باؤلر کو متواتر کے ساتھ ڈومیسٹک فارمیٹ میں کرکٹ کھیلنی چاہیے۔ پی ایس ایل کی بنیاد پر باؤلر کو ٹیم میں لانا ٹھیک نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے ٹیسٹ سکواڈ میں یاسر شاہ کو شامل نہ کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیف سلیکٹر محمد وسیم کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر زور دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان نے محمدوسیم جونیئر کو بھی وقت سے پہلے ٹیم میں شامل کیے جانے پر حیرانگی کا اظہار کیا اور کہا کہ آل راؤنڈر قومی ٹیم کا بڑا ٹیلنٹ ہے لیکن انہیں جلد از جلد ٹیم میں نہ لایا جائے۔ نسیم شاہ اس کی بہترین مثال ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیئے جائیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ محض ایک سیریز کے بعد کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا جائے، کامران غلام اور عامر یامین کی مثال سب کے سامنے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم چاہتے ہیں کہ ون ڈے سکواڈ میں آل راؤنڈر حارث سہیل کو شامل کیا جائے لیکن ٹیم سلیکشن کمیٹی نے ان کی اس رائے کو مسترد کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم سلیکشن میں باتیں نہ مانے جانے پر بابر اعظم نے واضح انداز میں کہا کہ میں کسی بھی صورت میں ڈمی کپتان نہیں بننا چاہتا، اگر مجھے کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے تو کھلاڑیوں کو پک کرنیکی بھی اجازت ملنی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے متعدد بار رابطہ کیا تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا اور ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔