لاہور: (روزنامہ دنیا) پی سی بی نے سپر لیگ 6 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن منانے کا اعلان کیا ہے۔ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں گولڈن ربن ڈے منایا جائے گا۔
کینسر میں مبتلا 2 بچوں کو ٹیموں کی دستخط شدہ شرٹس بطور تحفہ دی جائیں گی، 12 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں شیڈول ڈبل ہیڈر میچز کے موقع پر پنک ربن ڈے منایا جائے گا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال بریسٹ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں 13 لاکھ 80 ہزار کا اضافہ ہوتا ہے جبکہ اس مرض کی وجہ سے ہر سال 4 لاکھ 58 ہزار اموات بھی ہو رہی ہیں تاہم اگر بروقت تشخیض ہو جائے تو اس مرض سے نجات بھی ممکن ہے۔
گولڈن ربن ڈے پر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں لگی اسٹمپس کو گولڈن اور پنک ڈے پر قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگی اسٹمپس کو گلابی رنگ میں رنگا جائے گا۔ ان دونوں روز سٹیڈیم میں نصب بڑی سکرینز پر مرض کی آگاہی سے متعلق پیغام بھی نشر کئے جائیں گے۔