لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل6) کے چھٹے میچ میں کراچی کی طرف سے ملنے والا رنز کا پہاڑ اسلام آباد یونائیٹڈ نے سر کر لیا۔ ایلکس ہیلز مردِ میدان قرار پائے۔افتخار احمد، حسین طلعت، فہیم اشرف نے بھی شاندار اننگز کھیلی۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی طرف سے اننگز کا آغاز فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے کیا، فل سالٹ بدقسمت رہے اور پہلے ہی اوورز کی دوسری گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم نے وکٹ حاصل کی۔
اس سے اگلے اوور میں محمد عامر نے حریف ٹیم کے کپتان شاداب خان کو بھی صفر پر چلتا کیا۔ تاہم اس دوران الیکس ہیلز اور فہیم اشرف نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں اطراف زبردست انداز میں شارٹس کھیلے۔
دونوں کے درمیان 27 گیندوں پر 62 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ اس پارٹنر شپ کا اختتام وقاص مقصود نے کیا، ایلکس ہیلز 75 کے مجموعی سکور پر 46 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ اس سے اگلے اوور میں فہیم اشرف 25 سکور بنا کر ارشد اقبال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد حسین طلعت اور افتخار احمد نے وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے اور 94 رنز کی شراکت داری بنی اور فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
حسین طلعت 31 گیندوں پر 42 سکور بنا کر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ افتخار احمد 49 جبکہ آصف علی 20 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کر لیا۔ عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود، ارشد اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز بیٹنگ
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان عماد وسیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے ٹیم کی طرف سے پہلا اوور کرایا۔
دونوں بیٹسمین نے شروع سے محتاط انداز اپنایا تاہم 9 ویں اوورز میں شرجیل خان نے حریف ٹیم کے کپتان شاداب خان کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگائے۔ لیفٹ ہینڈ اوپنر بیٹسمین نے 32 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی۔
Back to back to back to back@SharjeelLeo14 BLOWS THE ROOF OFF THE NSK #HBLPSL6 | #MatchDikhao | #KKvIU pic.twitter.com/bvbCRn8Xil
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 24, 2021
شرجیل خان اور بابر اعظم کے درمیان سنچری سکور کی شراکت داری بنائی۔ دونوں بیٹسمینوں نے وکٹ کے چاروں اطراف جاندار شارٹس کھیل کر یونائیٹڈ کے باؤلرز کو بے بس کر دیا۔
کراچی کنگز کی طرف سے بابر اعظم کو دو جبکہ شرجیل خان کو ایک موقع ملا جب دونوں بیٹسمین آؤٹ ہوئے تو باؤلرز کی گیند کو نوبال قرار دیا گیا۔2 بار گیند حسین طلعت جبکہ ایک بار محمد وسیم نے نو بال کرائی۔
اوپنر شرجیل خان نے 17 ویں اوورز کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر اپنی پی ایس ایل میں دوسری سنچری بنائی۔ تھری فیگر اننگز میں انہوں نے 8 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔
کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 176 سکور پر گری، بابر اعظم 62 سکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ حسن علی نے شرجیل خان کی اننگز 105 پر ختم کر دی۔
کراچی کنگز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 196 رنز بنائے ہیں۔ ڈینیل کرسچن 12 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:
ایلکس ہیلز، فل سالٹ، شاداب خان(کپتان)، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگورے، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم
کراچی کنگز سکواڈ:
شرجیل خان، بابر اعظم، جوئے کلارک، کولن انگرام، محمد نبی، عماد وسیم (کپتان)، ڈینیل کرسچن، عامر یامین، محمد عامر، وقاص مقصود، ارشد اقبال