کراچی: (دنیا نیوز) نیشنل کرکٹ سٹیڈٰیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے ایک اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
اپنی ٹیم کی جیت میں لوئس گریگوری نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اکتیس گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بلے بازوں میں فہیم اشرف 22، فل سالٹ 13 جبکہ ایلکس ہیلز 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے بریتھویٹ اور شاہد آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی جبکہ محمد عمر اور خوشدل خان نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ سلطانز کی جانب سے ان کے کپتان محمد رضوان اور کرس لین میدان میں اترے۔
تاہم کرس لین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر کپتان رضوان نے کیپٹن اننگز کھیلی اور جارحانہ شارٹس سے شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔
محمد رضوان نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں جیمز وینس، رائیلی روسو 25۔ صوپیب مقصود 2، خوشدل شاہ 7، کارلوس بریتھ ویٹ 22 اور شاہد آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم نے شاندار گیند بازی کی اور تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ لوئس گریگوری 2 جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔