لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کے کیسز کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے کراچی کے بعد لاہور میں بھی میچز شائقین کے بغیر کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران شائقین کرکٹ سٹیڈیم نہیں آ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے کراچی میں ہونے والے میچز کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے کہ میچز بغیر شائقین کے خالی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ فیصلہ سیّد مراد علی شاہ کی زیرصدارت کرونا ٹاسک فورس اجلاس میں کیاگیا،
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں شائقین کو کھیل دیکھنے کی اجازت دی گئی ، باقی میچز شائقین میدان کے بجائے ٹی وی پر دیکھیں گے، کرونا کے معاملے پرمزید رسک نہیں لے سکتے۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کاکہنا ہے کہ کراچی کے بعد اب لاہور میں بھی ہونے والے دیگر میچز شائقین کے بغیر ہونگے۔ پی ایس ایل 2020 کے لاہور میں بقیہ میچز بند دروازوں میں کھیلےجائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتِ پنجاب کی سفارش پر پی ایس ایل 2020ء کے لاہور میں شیڈول بقیہ میچز قذافی سٹیڈیم لاہور کے بند دروازوں میں منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے تین میچز 15، 17 اور 18 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم میں 15مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ ہوگا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں۔ پی سی بی مداحوں سے بھی درخواست کرتا ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف ، تصاویر یا سیلفیز لینے سے اجتناب کریں۔
علاوہ ازیں پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ میچ کےبعد کھلاڑی، حریف ٹیم کے اسکواڈ میں شامل اراکین سے ہاتھ ملانے کی بجائے زبانی کلام کریں۔
اس حوالے سے ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز اور www.yayvo.com ہوگی، جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔