لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے تیسرے مرحلے کے دوران کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو ہرا کر رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی فتوحات کو بریک لگا دی، ہوم گراؤنڈ پر عماد وسیم الیون نے میچ باآسانی 10 وکٹوں سے جیت لیا۔اس طرح قلندرز کی مسلسل فتوحات کو بریک لگ گئی جبکہ ایونٹ کی نئی رینکنگ میں کنگز کی ٹیم دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
رینکنگ میں ملتان سلطانز سرفہرست ہے، انہوں نے 8 میچ کھیل کر 5 میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، رینکنگ میں دوسرے نمبر پر کراچی کنگز ہے جنہوں نے 8 میچ کھیل کر چار میچ جیتنے ہیں جبکہ تین میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کے 9 پوائنٹس ہیں۔
پشاور زلمی 9 میچ کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے، زلمی نے چار میچ جیتنے جبکہ چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایک میچ کا ٹائی ہو گیا۔
کراچی کنگز سے ہارنے والی لاہور قلندرز نے 9 میچ کھیلے ، چار جیتے جبکہ پانچ میں شکست ٹیم کا مقدر بنی رینکنگ میں سہیل اختر الیون اس وقت چوتھے نمبر پر ہے۔
رینکنگ میں پانچواں نمبر اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہے، ٹیم کے 7 پوائنٹس ہیں، 9 میچ کھیلنے کے بعد تین میچ جیتنے جبکہ پانچ میں شکست مقدر بنی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فہرست میں سب سے آخر پر ہے، سرفراز الیون نے 9 میچ کھیلے تین میں فتح حاصل کی جبکہ پانچ میچز ہار گئے، ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔