لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی فتوحات کو بریک لگا دی، ہوم گراؤنڈ پر عماد وسیم الیون نے میچ باآسانی 10 وکٹوں سے جیت لیا۔اس طرح قلندرز کی مسلسل فتوحات کو بریک لگ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے تیسرے اور فیصلہ کن مرحلے کے دوران کراچی میں ہونے والے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے لاہور قلندرز کے کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے کپتان سہیل اختر کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی میں کھیلے جانیوالے میچ میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے کیا۔
پشاور زلمی کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے فخر زمان اس بار بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ بیٹسمین نے 13 گیندوں پر 17 رنزکی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لین جلد بازی میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے پانچ گیندوں پر 5 رنز بنائے اور نوجوان فاسٹ باؤلر محمد ارشد کا نشانہ بن گئے، افتخار احمد نے شاندار کیچ پکڑا۔
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکا لگانے والے بین ڈنک کی اننگز اس بار 9 تک محدود رہی اور عمید آصف کو وکٹ دے بیٹھے، اسامہ میر نے کیچ پکڑا۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 49 گیندوں پر 68 سکور بنائے اور محمد ارشد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پانچویں آؤٹ ہونے کھلاڑی سمت پٹیل تھے، انہوں نے صرف پانچ رنز بنائے۔
محمد حفیظ نے 22 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ قلندرز نے مقررہ اوورز میں 150 رنز بنائے۔ عمید یوسف اور ارشد اقبال نے 2، 2 وکٹیں اور جورڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔ دونوں نے ابتداء سے ہی چند شاندار کھیل کر حریف باؤلرز کو بے بس کیا۔
دونوں اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے ہدف 18 ویں اوورز میں بغیر کسی نقصان کے با آسانی حاصل کر لیا۔
شرجیل خان نے 74 رنز بنائے، انکی اس اننگز میں 5 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، بابر اعظم نے 67 کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ لاہور قلندرز کے باؤلرز کو ترستے رہے اور کوئی بھی باؤلرز وکٹ حاصل نہ کر سکا۔
لاہور قلندرز سکواڈ: فخر زمان، سہیل اختر (کپتان)، کرس لین، بین ڈنک، محمد حفیظ، سمت پٹیل، ڈیوڈ وائز، دلبر حسین، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، فیضان خان
کراچی کنگز سکواڈ: شرجیل خان، بابر اعظم، ایلکس ہیلز، عمید آصف، افتخار احمد، والٹن، عماد وسیم (کپتان)، محمد عامر، کرس جورڈن، اسامہ میر، ارشد اقبال