کافی مایوسی ہو چکی، کرکٹ کا نظام ٹھیک کر دیں‌ گے: وزیراعظم

Last Updated On 22 July,2019 05:57 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی سے متعلق کہا ہے کہ کافی مایوسی ہو چکی، اب کرکٹ کا نظام درست کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایسا سسٹم لائیں گے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں پروفیشنل ٹیم سامنے آئے گی۔

گزشتہ روز واشنگٹن کے کیپیٹل ون ارینا میں ہزاروں اوورسیز پاکستانی وزیراعظم کا خطاب سننے کیلئے موجود تھے، دیگر موضوعات کے بعد عمران خان نے کرکٹ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ایسا نظام لائیں گے کہ بہترین ٹیلنٹ نکل کر سامنے آئے گا۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ ورلڈ کپ کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو درست کیا جائے۔ کافی مایوسی ہو چکی، اب نظام درست کر دیں گے۔ عمران خان نے پاکستانی شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ورلڈ کپ میں جو پاکستانی ٹیم آپ دیکھیں گے وہ پروفیشنل اور بہترین ٹیم ہو گی۔